سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے باعث مسجد حرام میں تعمیراتی کام کے دوران کرین گرنے کے باعث 52 سے زائد حاجی شہید ہو گئے ہیں جبکہ 100 سے زائد حاجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ طوفانی بارش اور تیز ہوا کے باعث مسحد حرام کے قریب صفا اور مروہ پہاڑوں کے درمیان تعمیراتی کام میں مصروف کرین کے گرنے سےپیش آیا جس کے نتیجے میں 52 سے زائد حاجی شہید جبکہ 100 سے زائد حاجی زخمی ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق حادثے کے نتیجے میں کئی حاجی ملبے تلے بھی دب چکے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ زخمیوں
کو ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت ہر سال حج کے آغاز سے قبل ہی سب سے پرنور اجتماع میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی باحفاظت شرکت کو یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی کام کرتی رہے اور اس سال بھی عازمین حج کی تعداد کے پیش نظر مسجد الحرام کی توسیع کا کام جاری تھا۔ حادثے کی جگہ پر بھی تعمیراتی کام کیا جا رہا ہے اور مقامی حکام کے مطابق 2 دن پہلے ہی حاجیوں کو اس جگہ پر نماز کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ روز سے طوفانی بارشیں جاری ہیؒں اور آج تیز ہوا چلنے کے باعث وہاں موجود کرین گر گئی جس کے نتیجے میں یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔